گندم و آٹا کے یکساں نرخ مقرر کئے جائیں، پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن

May 28, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد نے ملک بھر میں گندم و آٹا کے یکساں نرخ مقرر کرنے اور گندم اور گندم کی مصنوعات کی نقل حرکت پر ملک بھر میں پابندی ہٹاکر انڈسٹری کو آزادانہ کاروبار کی اجازت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کو صوبائی چیپٹر سے نکال کر ماضی کی طرح وفاق میں شامل کیا جائے ، 9 مئی کا واقعہ ملک کی سالمیت اور امن کے لئے خطرناک ہے ، یہ بات انہوں نے ہفتہ کو چاروں صوبوں کے فلورملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور دہشت گردی کے خلاف اہم کردار ادا کررہی ہیں ہم اپنے شہدا سلام پیش کر تے ہیں ۔انڈسٹری کو اپنی روزانہ کی ضروریات پوری کرنے کے لئے گندم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سرکاری گندم کی خریداری کو جواز بناکر بین الصوبائی اور بین الاضلعی نقل و حمل پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، فلور ملز کی خرید کردہ گندم کی گاڑیوں کو زبردستی سرکاری گوداموں میں خالی کیا جارہا ہے ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ فلور ملز گندم کی خریداری اور ذخیرہ کرتی تھیں جس کو مارکیٹ میں آٹا سپلائی میں توازن برقرار رکھنے کے لئے استعمال کیا جا تا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلور ملز ایسو سی ایشن کے اجلاس میں چاروں صوبوں کی فلور مل انڈسٹری کو درپیش مسائل کا جائز لیا گیا ، اجلاس میں مشترکہ طورپر قرار پایا کہ آئین پاکستان کے مطابق فلور ملز انڈسٹری کو ملک بھر میں آزادنہ کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے ، گندم اور گندم کی مصنوعات کی آزادانہ نقل و حمل پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں ۔