9 مئی ملکی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے، تحریک جوانان پاکستان

May 28, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمد عبداللہ گل نے کہا ہے کہ 9 مئی سقوط ڈھاکہ کے بعد ملک کی تاریخ سیاہ ترین دن ہے ، اس دن پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچایا گیا ، عدالت عظمیٰ قومی تنصیبات و املاک کو نقصان پہنچانے جلاو ، گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کا سوموٹو نوٹس لے ، فل کورٹ بناکر دہشت گردوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے ، ریاست نہ کبھی کمزور ہوئی ہے اور نہ ہی کبھی کمزورہوگی ، پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والوں پر دباو کا تاثر غلط ہے،گلزار امام شمبے کی گرفتاری سے بھارت ، امریکہ اور اسرائیل سمیت ملک دشمن ممالک کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر سحر گل خلجی ، علی حیدر ، اکرام الدین ، طیبہ حبیب ، عبد الاحد وطن یار ، ساجد مجید ، مینہ بلوچ ، بی بی جان کاکڑ ، فاطمہ نذر ، بابر خجک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ قومی تنصیبات اور ریاست پر حملہ آور ہونے والے دہشت گرد ہیں جی ایج کیو ، ریڈیو پاکستان ، جناح ہاوس اور زیارت ریزیڈنسی جلانے والے سب ایک ہیں دشمن قوتوں کی ایما پر 9 مئی کو ملک میں سازش کے تحت ایک چال چلی گئی ، سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث 13 ہزار لوگوں کی شناخت ہوگئی ہے 9 مئی کو جناح ہاوس جلانے ، کورکمانڈر کی وردی کی بے توقیری اور ملک کے دفاع میں استعمال ہونے والے جہاز کو نقصان پہنچایا گیا جس کی اعلی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے ۔ سپریم کورٹ شہدا کی تصاویر ، کلمہ طیبہ ، مساجد کو نقصان پہنچانے والوں کا سوموٹو نوٹس لے غداروں کا تعین کرکے انہیں کیفر کردار تک پہچانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ گلزار امام شمبے کی گرفتاری پر افواج پاکستان کی اعلی قیادت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ، گلزار امام شمبے کی گرفتاری کے بعد بھارت ، اسرائیل اور امریکہ سمیت دشمن ممالک کو منہ کی کھانی پڑی ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ دھرتی ہے اس کے پیچھے وردی ہے ، ہم ریاست کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کردیں گے ۔