دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے‘ پشتونخوا ایس او

May 28, 2023

کوئٹہ ( پ ر) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن زردالو میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کرتی ہے ، ضلع ہرنائی جیسے پر امن ضلع میں آئے روز دہشتگردی کے واقعات کا ہوناعوام کو خوف وہراس میں مبتلا کرنا ہے جبکہ ان دہشتگردانہ واقعات کے کسی بھی ملزم کو منظر عام پر آج تک نہیں لایا گیا جو حکومت اور قانون نافذکرنیوالے اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ پشتونخوا ایس او ضلع ہرنائی کے عوام کے سرومال کے تحفظ اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار پشتونخوا ایس او جنوبی پشتونخوا زون کے زونل آرگنائزر سیف اللہ کاکڑ ، سینئر ڈپٹی آرگنائزر یار محمد بریال ، اطلاعات آرگنائزر اسفند کاکڑ، مالیات آرگنائزر نواز خپلواک ، آفس آرگنائزر عظیم افغان ، رابطہ آرگنائزر محمود اچکزئی ، ثقافت آرگنائزر طیب خان ،ڈپٹی آرگنائزرز بشیر افغان ، ہارون موسیٰ خیل ، ڈاکٹر دلبر ازل ، امین اچکزئی ، شریف دمڑ ، زبیر ترین ، ڈاکٹر زبیر خلجی ، خوشحال خان کاکڑ، سید وہاب آغا ، ایاز شیرانی ، صدیق مندوخیل ، ضلع ہرنائی کے آرگنائزر واحد گل ترین ، سینئر ڈپٹی آرگنائزرنظام عسکر ، اطلاعات آرگنائزر روزی خان ودیگر نے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ہرنائی کے علاقے زردالو میں گزشتہ روز بارودی موادکے دھماکوں کے ذریعے نہتے ومعصوم شہریوں کو شہید وزخمی کیا گیا ، اس سے قبل بھی خوست، زردالو ، شاہرگ اور ضلع بھر میں ہونیوالی دہشتگردی کے واقعات میں معصوم ، نہتے ، بے گناہ لوگو ں اور مزدوروں کو دہشتگردی کا شکار بنایاگیا اور کسی بھی واقعہ کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا ۔پشتونخوا ایس او شہید افرادخیر محمد اور شراف الدین دمڑ کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہاراور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتی ہے۔