مکاتب ذینیہ مضبوط جال بچھا کر نئی نسل کو دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جائے، ڈاکٹر ساجد الرحمٰن

May 29, 2023

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) المرکز اسلامی بریڈ فورڈ کی مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمٰن سجادہ نشین آستانہ عالیہ بگھار شریف نے شرکت کی۔کلمہ طیبہ کے وردکے ساتھ مفتی قاضی حسن رضا نے مسجد کی بنیاد رکھی، اس موقع پر کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی موجودتھی ۔پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے تعمیرِ مسجد کے اس عظیم پروجیکٹ کی تکمیل کیلئے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ساجد الرحمٰن نے علم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے مسلمان لائق صد تحسین ہیں جو دامے درمے قدمےسخنے دینی اور علمی مراکز کے قیام کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کی رضا و خوشنودی کیلئے مکاتب دینیہ کا مضبوط جال بچھا کر نئی نسل کو اخلاق حسنہ اور دینی تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جائے تاکہ نئی نسل پُرکٹھن حالات میں بھی اپنے ایمان کی حفاظت کو یقینی بنا سکے، انہوں نے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تعلیم کو بھی وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی دینی و علمی تعلیم و تربیت نے جس طرح اوّلین دور میں بہترین معاشرے کی تشکیل اورتعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، موجودہ دور میں بھی اس کی اہمیت و ضرورت مسلمہ ہے، وہ دینی اور دنیاوی تعلیم سےآراستہ ہوکر اپنے گھر، معاشرے اور آئندہ آنے والی نسلوں کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، یہ خوش آئند بات ہے کہ المرکز اسلامی میں سیکڑوں بچیاں ہر سال گریجویشن مکمل کرتی ہیں، ایسے ہی اداروں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اس موقع پر المرکزاسلامی کے بانی قاضی حسن رضا نے مسجد کے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کا تخمینہ ڈیڑھ ملین پونڈ ہے، جدید طرز کی یہ عمارت کمیونٹی حب ہو گی جس میں مسجد ،آڈیٹوریم ، خوشی غمی کی رسومات کی بہترین سہولت ہو گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ میں مکمل فیونرل اور بریومنٹ سروس کے خصوصی انتظامات بھی ہوں گے، یہ مرکز نوجوانوں، بچوں اور بچیوں کی تربیت کیلئے دینی اور دنیاوی تعلیمات سے ہم آہنگ ہو گا اور نئے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قرآن اور سنت کی روشنی میں مثبت فکری رہنمائی فراہم کی جائے گی۔