نسل پرستی اور امتیازی سلوک، ایان لونگسٹن کے بیان پر اسکاٹ لینڈ پولیس میں شدید ردعمل

May 29, 2023

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) برطانیہ کی دوسری سب سے بڑی پولیس فورس پولیس اسکاٹ لینڈ کے سربراہ سرایان لونگسٹن کی طرف سے یہ بیان سامنے آنے کے بعد کہ ان کی پولیس میں ادارہ جاتی طرز پر نسل پرستی اور امتیازی سلوک پایا جاتا ہے،پر پولیس کے اندر سے شدیدرد عمل سامنے آیا ہے، اسکاٹش پولیس فیڈریشن کے ترجمان ڈیوڈ تھریڈ گولڈ نے کہا کہ پولیس فورس سرایان کے بیان پر سخت ناراض ہے اور ان کے بیان نے پولیس آفیسرز کو عوام میں اپنے فرائض کی ادائیگی کو مشکل تر بنادیا ہے کیونکہ عوام پولیس کے ایک ادارے کے طور پر نسل پرست ہونے اور انفرادی طور پر ان کے اچھے کردار کے درمیان تعریف نہ کرسکیں گے۔ اسکاٹش پولیس فیڈریشن کے سابق سربراہ کالم سیٹل نے چیف کانسٹیبل پر ایک بہت بڑی تخریب کاری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سرایان لونگٹسن کا بیان پولیس کے مورال کو تباہ کردے گا۔ سرایان لونگسٹن نے کہا کہ ان کے بیان کو سننا مشکل ہے، میں اپنے ساتھیوں کی مذمت نہیں کررہا، میں دراصل مجموعی طور پر ایک ایسی تنظیم میں بہتری کی کوشش کررہا ہوں جس کا میں ذمہ دار ہوں، میں نے پولیس فورس میں ہمیشہ مساوات، تنوع اور ہر طبقے کی شمولیت کیلئے ہمیشہ پُرعزم رہا ہوں۔ واضح رہے کہ سرایان لونگسٹن برطانیہ کے پہلے چیف کانسٹیبل ہیں جنہوں نے اپنے محکمے کی خرابیوں پر سرعام تنقید کی ہے، نسلی اقلیتوں کے رہنماؤں نے سرایان کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کو اب اکیسویں صدی کے نئے تقاضوں کے مطابق نئے سرے سے استوار کرنے کی ضرورت ہے۔