بی سی سی آئی نے ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل مسترد کردیا، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

May 30, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بی سی سی آئی نے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ ایشیا کپ کے نیوٹرل مقام پر انعقاد پر بضد ہے۔ حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی ایگزیکٹو باڈی کرے گی۔

معروف بھارتی صحافی نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ بورڈ کے سیکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے چیف جے شاہ نے افغانستان، سری لنکا، بنگلا دیش حکام کے ساتھ ملاقات میں واضح کردیا کہ بھارتی بورڈ پاکستانی ماڈل کے حق میں نہیں، اس متعلق تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

کہا جارہا ہے کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ایشیا کپ پہلے مرحلے میں چار میچز کے بعد اگلے اسٹیج کے دو میچز بھی پاکستان میں ہوں جسے بھارت قبول کرنے کو تیار نہیں۔

ادھر پیر کو سری لنکن کر کٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے تیار ہیں ۔ تاہم پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی واضح کرچکے ہیں کہ پاکستان کو میزبانی کی اجازت نہ دی گئی تو وہ حصہ نہیں لے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے ایک رکن کے مطابق سری لنکا، بنگلادیش اور افغانستان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انہیں پاکستان میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں، بھارتی بورڈ ایشیا کپ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلے میں رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کی حمایت نہیں کی جاتی تو معاملے کا کوئی درمیانی راستہ نکالنا ناگزیر ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اے سی سی رکن کہنا تھا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے 25 ممبران ہیں۔ ان میں 5 ٹیسٹ،3 ممالک ون ڈے اور ٹی 20 کا اسٹیٹس اور 17 ممالک صرف ٹی 20 کا اسٹیٹس رکھتے ہیں۔25 میں سے 6 ممالک ایشیا کپ کھیل رہے ہیں۔19 ممالک باہر ہیں تو وہ کس بنیاد پر ووٹ کاسٹ کریں گے۔