بلدیاتی نمائندوں کو ان کے آئینی و قانونی حق سے محروم کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم

May 30, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندوں، چیئر مین و وائس چیئر مین کوہراساں کرنے اور ان کی گرفتاریوں کو روکنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے، جس میں عدالت سے فوری سماعت کی استدعا کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں کا یہ آئینی اور قانونی حق ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے میں بلا رکاوٹ شریک ہوں اور بلا خوف و خطر اپنی آزادانہ مرضی سے میئر کے انتخابات میں حصہ لیں، عدالت سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کو پابند کرے جن چیئر مین و وائس چیئر مین نے ابھی تک حلف نہیں اُٹھایا ہے ان سے حلف لیا جائے اورمیئر کراچی اور ٹاؤن چیئر مین کے انتخابات میں شرکت کو یقینی بنایا جائے، حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کے انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کے اعلان کے بعد ان کے بلدیاتی نمائندوں کو ان کے آئینی و قانونی حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔