لندن میں ابرار الحق کو پی ٹی آئی کارکنان نے گھیر لیا

May 30, 2023

لندن(نیوز ڈیسک)گلوکار اور پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما ابرار الحق کے لندن میں شو کے دوران تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس کو بُلا لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پی ٹی آئی اور سیاست کو خیرباد کہنے والے گلوکار ابرار الحق کو پاکستان کے بزنس ٹائیکون علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے منعقد کنسرٹ میں پرفارمنس کیلئے لندن مدعو کیا گیا تھا۔گلوکار شیڈول کے مطابق لندن پہنچے اور اپنے مشہور گانوں پر پرفارم کر کے خوب داد سمیٹی تاہم کنسرٹ کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران پی ٹی آئی کارکنان نے ابرار الحق کو گھیر لیا۔پی ٹی آئی کارکنان ابرار الحق کے گارڈز اور میڈیا کے درمیان تلخ کلامی اور لڑائی کی وجہ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر انتظامیہ نے پولیس کو بُلا لیا۔بعدِ ازاں لندن پولیس نے ابرار الحق کی بحفاظت واپسی کیلئے گاڑی کو اپنے حصار میں لے کر انہیں وہاں سے روانہ کیا۔ابرار الحق کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس میں انہیں پرفارم کرتے اور میڈیا سے بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔