رمضان المبارک میں سستا آٹا سکیم کی تحقیقات کیلئے 6 رکنی کمیٹی قائم

May 30, 2023

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نےرمضان المبارک میں سستا آٹا سکیم کی تحقیقات کیلئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی طرف سے نوٹیفکیشن جار ی کردیا گیا ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نبیل سندھو کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔ذرائع کے مطابق نیب کی طرف سے سستا آٹا سکیم کی تحقیقات اور پنجاب بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے نو جون تک سستا آٹا سکیم کے حوالے سے سوالات کے جواب طلب کرنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اپنے طور پر پہلے ضلعی سطح پر تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔نیب نے17مارچ سے 18اپریل تک پنجاب بھر میں سستا آٹا سکیم کے تحت تحقیقات کیلئے سوالنامہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھجوایا ہےجس میں سستا آٹا سکیم کے تحت فلور ملز سے وصول کئے گئے دس کلو گرام کے تھیلوں کی تعداد،مانیٹرنگ سسٹم،متعلقہ حکام و عملہ کی تفصیل،تقسیم کیلئے ٹرکنگ اور پوائنٹس کی تفصیلات،سستا آٹا سکیم کے حوالے سے شکایات اور ان کی تحقیقات سمیت دیگر تفصیلات مانگی گئی ہیں۔