روسی دارالحکومت ماسکو پر ’’غیر معمولی‘‘ ڈرون حملہ

May 31, 2023

ماسکو(نیوزڈیسک)روس اور یوکرین کی جنگ کے دوران ماسکو پر ڈرون حملہ ہوا ہے، یہ حملہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے روسی دارالحکومت پر کیا گیا سب سے سنگین ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 30مئی کی صبح ماسکو کو غیر معمولی طور پر ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔میئر سیرگئی سوبیانن نے بتایا کہ صبح سویرے ایک ڈرون حملے کی وجہ سے کئی عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا۔ شہرکی تمام ایمرجنسی سروسز کے کارکن جائے وقوعہ پر موجود ہیں، کسی کے بھی شدید زخمی ہونے کی اب تک کوئی اطلاع نہیں۔سوشل میڈیا پر شائع کی گئی ویڈیوز میں بعض مکانات کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹے ہوئے اور آسمان کی طرف اٹھتے ہوئے دھوئیں کے بادل دیکھے جا سکتے تھے۔ ماسکو یوکرین سے ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔ یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے حالانکہ روس میں دیگر مقامات پر اس طرح کے حملے ہوتے رہے ہیں تاہم ماسکو کو شاید ہی کبھی نشانہ بنایا گیا ہو۔روس کی تفتیشی کمیٹی کا کہنا ہے کہ روسی فضائی دفاع نے منگل کے روز ماسکو کی طرف آنے والے متعدد ڈرونز مار گرائے۔ایک روسی رکن پارلیمان میکسم ایوانوف کا کہنا تھا کہ ماسکو پر منگل کی صبح کیا گیا حملہ دوسری عالمی جنگ کے بعد سے روسی دارالحکومت پر آج تک کیا گیا سب سے سنگین حملہ تھا۔ماسکو کے میئر نے بتایا کہ بعض مکانات کو ان کے مکینوں کو نکال کر خالی بھی کرا لیا گیا۔