سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کیا جائیگا‘ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ

May 31, 2023

کوئٹہ (خ ن) وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری عمران گچکی کی زیر صدارت حکومت بلوچستان اور نجی شعبہ کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق امور کے جائزہ اجلاس میں نجی شعبہ کی شراکت داری کو بڑھانے، سرمایہ کاروں کو حکومت بلوچستان کی جانب سے سازگار ماحول کی فراہمی اور بلوچستان میں موجود توانائی کے ذرائع اور وسائل کو صوبے کے بہترین مفاد میں استعمال میں لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی،ایڈیشنل سیکرٹری مائنز سی ای او پی پی پی اتھارٹی، ایڈیشنل سیکرٹری صنعت سمیت نجی شعبہ کی کمپنیوں سے تعلق رکھنے والے عہدیداران اور لیڈا کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں نجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی کمپنی اورینٹ پاور پلانٹ کے عہدیدار نے لسبیلہ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیڈا کو توانائی کی فراہمی کے منصوبے سے متعلق اپنی کمپنی کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے میں اب بھی چند گیس فیلڈ غیر فعال ہیں۔ حکومت بلوچستان اگر ان گیس فیلڈز کو کارآمد بناتے ہوئے انہیں بروئے کار لائے تو مقامی طور پر گیس کی دستیابی سے سستی توانائی پیدا کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شمسی توانائی کے حصول کے لئے بھی ملک کا ایک مناسب خطہ ہے لیکن لیڈا کو توانائی کی فراہمی کے لیے ضروری ہے مقامی گیس فیلڈز کو استعمال میں لایا جائے اجلاس میں شریک سی ای او ٹھٹہ سیمنٹ کمپنی نے سولر پاور پلانٹ اور توانائی کے دیگر ذرائع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ ہم تمام سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا چاہتے ہیں ہم انہیں ایک ایسا ماحول دینا چاہتے ہیں تاکہ سرمایہ دار خود ہمارے پاس آئیں بلوچستان سرمایہ کاری کیلئے ملک کا ایک موزوں خطہ ہے اور حال ہی میں ہونے والا ریکوڈک کا تاریخی معاہدہ اس بات کا عملی ثبوت ہے پرنسپل سیکرٹری نے اس موقع پر سیکرٹری توانائی کو صوبے کے غیر فعال گیس فیلڈز پر کام شروع کرنے سے متعلق فوری طور پر سمری ارسال کرنے کی ہدایت کی ۔