غیر ملکی ائیر لائنز کی پاکستان پر عائد پابندیاں اور شرائط آج سے ختم

May 31, 2023

کراچی ( سہیل افضل ) ٹریول انڈسٹری اور بیرون ملک سفر کرنے والوں کے لئے اچھی خبر ، زر مبادلہ مسائل کی وجہ سےغیر ملکی ایئر لائنز نے پاکستان پر عائد پابندیوں اورشرائط میں نرمی کا اعلان کر دیا ،انڈسٹری ذرائع کے مطابق ایمرٹس،ٹرکش اور اتحاد ایئر لائن نے کچھ عرصہ قبل پاکستان سے ترسیلات زر باہر منتقل نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان سے ٹکٹوں کا اجراء بند کر دیا تھا ،اب 31 مئی کے بعد یہ پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے ،ٹریول انڈسٹری ذرائع کے مطابق ان ایئر لائنز نے اپنےایجنٹس کو اس پابندی کے خاتمے سے آگاہ کر دیا ہے ،جس سے عالمی روٹس پر کرایوں میں نمایاں کمی ہو گی ،یورپ کا ٹکٹ 2 سے ڈھائی لاکھ تک سستا ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق موجود حکومت نے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کو روکنے کے لئے تمام انڈسٹریزکے لئے زرمبادلہ باہر بھیجنے سے قبل اسٹیٹ بینک سے اجازت لازم قرار دے دی تھی ،اس فیصلے سے جہاں ملکی امپورٹ بری طرح متاثر ہوئیں وہاں ٹریول انڈسٹری بھی بحران کا شکار ہو گئی ، غیر ملکی ایئر لائنز کی ترسیلات زر نہ ہونے کے باعث ایئر لائنز نے پاکستان کی مارکیٹ کے لیے اپنی پالیسیاں تبدیل کرکے سخت شرائط عائد کردیں ،ان شرائط کے تحت ایک ہی سیکٹر کے لیے پاکستان سے اگر ٹکٹ خریدے جاتے تو اس کا ریٹ بیرون ملک سے بنوائے کے ٹکٹ سے کہیں زیادہ ہو گیا تھا ،یورپ کے روٹس پر پاکستان اور بیرون ملک سے خریدے گئے ٹکٹ میں 2 سے 3 لاکھ تک فرق آگیا۔