کراچی (اسد ابن حسن) گزشتہ چند دنوں میں پاکستان پولیس سروس کی گریڈ20کی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جاری کردہ 195 افسران کی سینارٹی لسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے اہم عہدوں پر جونیئر افسران کو تعینات کرنے سے سینئر افسران میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی 21گریڈ کی پوسٹ پر پھر گریڈ20 کے افسر علی ناصر رضوی کو ڈی جی بنایا گیا ہے جن کا سنارٹی لسٹ میں 149 نمبر تھا۔ ادارے میں گریڈ20کے ڈائریکٹر آپریشن اور ایڈمن کے عہدے خالی ہیں۔ ڈائریکٹر نارتھ اور ساؤتھ کا عہدہ ایک ہی افسر کے پاس ہے جبکہ ڈائریکٹر ایڈمن کا عہدہ بھی خالی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اب علی ناصر رضوی سے سینئر کسی افسر کو ڈائریکٹر لگایا جاسکتا ہے؟۔ اسی طرح ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ مجاہد اکبر جو سینیارٹی لسٹ میں 21ویں نمبر پر ہیں، اے ڈی جی نارتھ مسعود مارتھ بھی گریڈ 20 کے افسر ہیں مگر ان دونوں کو 21کے عہدے پر عرصے سے تعینات رکھا گیا ہے۔