اسلام آباد (زبیر قصوری) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون سروس کے معیار، کوریج اور دیگر متعلقہ خلاف ورزیوں پر موبائل آپریٹرز کو گزشتہ چار برس کے دوران مجموعی طور پر 3ارب 41کروڑ روپے کے مالی جرمانے کیے ہیں۔ اس عرصے میں آپریٹرز کو 86 شوکاز نوٹس اور 20 وارننگ لیٹرز بھی جاری کیے گئے۔کمپنی نمائندوں کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ بندش ہمارے اختیار میں نہیں، موبائل فون کمپنیوں کے نمائندوں نے جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی اے کی جانب سے کیے جانے والے جرمانوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کو ایک طرف سروس کے معیار پر بھاری جرمانوں کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف ملک کے مختلف حصوں میں موبائل انٹرنیٹ اور ڈیٹا سروسز کی بندش ایسے حکومتی اور سکیورٹی فیصلوں کے نتیجے میں ہوتی ہے جن پر موبائل آپریٹرز کا کوئی اختیار نہیں۔نمائندوں کے مطابق جب موبائل انٹرنیٹ کی طویل بندشوں کا معاملہ پی ٹی اے کے سامنے اٹھایا جاتا ہے تو بتایا جاتا ہے کہ ایسی بندشوں سے متعلق فیصلے پی ٹی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں اور متعلقہ حکومتی و سکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کیا جاتا ہے۔