گھریلو ملازمہ بازیابی کیس، لڑکی عدالت پیش نہ کرنے پر ایس ایچ او لودھراں کی گرفتاری، رہائی

May 31, 2023

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی 16سالہ گھریلو ملازمہ کی بازیابی کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے لڑکی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کاحکم دے دیا ۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے کہا ہے کہ 6 جون کو لڑکی کو عدالت میں پیش نہ کیا تو آئی جی پنجاب اور ایس ایچ او حاضر ہوں۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران اسلام آباد پولیس کی پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں بتایاگیا کہ اسلام آباد پولیس نے لڑکی برآمدگی کے بعد متعلقہ تھانے سے کارروائی کیلئے رجوع کیا۔ لودھراں کے متعلقہ تھانہ نے لڑکی کو لے جانے کی اجازت نہیں دی۔ عدالت نے نائب کورٹ کو حکم دیاکہ ایس ایچ او تھانہ لودھراں سٹی کو عدالت سے گرفتار کر لیں جس پر نائب کورٹ نے انہیں گرفتار کر لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عمران شوکت راؤنے آئندہ سماعت پر لڑکی کو پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر عدالت نے ایس ایچ او کورہا کرنے کا حکم دےدیا۔