اسلام آباد(عاطف شیرازی) وفاقی نظامت تعلیمات نے اسلام آباد کے سابق فیڈرل گورنمنٹ اور ماڈل کالجوں میں تدریسی آسامیوں کے ریکروٹمنٹ رولز کا جامع جائزہ لینے اور انہیں جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) جاوید اقبال مغل ہوں گے، جبکہ ڈائریکٹر کالجز شاہد محمود عباسی رکن اور ڈپٹی ڈائریکٹر (لیگل) عبدالحفیظ سیکریٹری/رکن کے فرائض انجام دیں گے۔ کمیٹی کو موجودہ ریکروٹمنٹ رولز کا تفصیلی جائزہ لینے، امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے، دورانِ ملازمت تربیت، براہِ راست بھرتیوں اور محکمانہ ترقیوں سے متعلق شرائط کا ازسرِنو تجزیہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اسکے ساتھ ساتھ طلبہ کے داخلوں میں اضافہ، تدریسی سرگرمیوں کے فروغ، امتحانی نتائج میں بہتری اور ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ گریڈ 18، 19اور 20کی سینئر تدریسی و انتظامی آسامیوں کیلئے نئے معیارات تجویز کیے جائیں گے ۔