9 مئی حملے کرنیوالوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے، پاکستان بار

June 01, 2023

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے9مئی کو ملک کے مختلف حصوں میں تشدد اور نجی اور سرکاری املاک پر حملوں اور دہشتگردی کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کیساتھ قانون کے مطابق نمٹنے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا کہ کسی بیگناہ کوملوث نہ کیاجائے اورشہریوں کی ذاتی زندگی کی رازداری کی خلاف ورزی کرنے والی فحش ویڈیو لیک کرنے کے عمل کی بھی مذمت کی،جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وکلا برادری سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023کو بچانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ، بار کونسل کے اعلامیہ کے مطابق بدھ کے روز پاکستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی اور سنٹرل فری لیگل ایڈ کمیٹی کے اجلاس حسن رضاپاشا اور چوہدری طاہر نصر اللہ وڑائچ کی سربراہی میں منعقد ہوئے، ہارون الرشید، وائس چیئرمین نے بھی اجلاس شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023کو پارلیمنٹ نے آرٹیکل 191کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے باضابطہ طور پر نافذ کیا ہے،جو پاکستان بار کونسل، صوبائی/اسلام آباد بار کونسلز کیساتھ ساتھ سابقہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی دو دہائیوں سے زائد عرصہ کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیاکہ وکلا ء برادری سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) ایکٹ 2023 کو بچانےکیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ،اجلاس میں 9 مئی کو ملک بھر میں،شر پسندی ،آتش زنی کے ہولناک اور شرمناک واقعات اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کے عمل کی شدیدمذمت کی گئی۔