کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کی جامعات میں بھارت جارحیت کیخلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں منعقد کی گئیں ۔ تفصیلا ت کے مطابق جامعہ کراچی میں جمعرات کے روزبھارتی جارحیت او رافواج پاکستان سے اظہاریکجہتی اور خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کی جس میںاساتذہ، طلبا و طالبات اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز جامعہ کی انتظامی عمارت سے ہوا اور آزادی چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ادھر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام دونوں کیمپسز میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گیے، اوجھا کیمپس میں سیکڑوں طلباء و طالبات، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے پر مشتمل ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں آرا حسن نے کی۔