ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے آر آر ایم سی کی بجٹ سفارشات پر اعتراضات

June 01, 2023

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے آر آر ایم سی کی ایکسپورٹ بجٹ تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ انڈسٹری کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹ پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے‘ ٹیکسٹائل کنسلٹنٹس کی ایکسپورٹ بجٹ تجاویز غیر دانشمندانہ ہیں۔ ان پالیسی اقدامات کو ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تابوت میں آخری کیل قرار دیا جا رہا ہے اپیرل فورم کے چیئرمین محمد جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ حکومت کنسلٹنٹس کی بجائے حقیقی سٹیک ہولڈرز سے بجٹ سفارشات منگوائے , جب بھی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس بڑھنے لگتی ہیں تو اس میں کوئی نہ کوئی رکاوٹ حائل کر دی جاتی ہے۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز نے بقول اُنکے آر آر ایم سی (ریفامز اینڈ ریونیو موبلائزیشن کمیشن) کی وزیر خزانہ کو پیش کی گئی رپورٹ کو برآمد مخالف مہم اور غیر دانشمندانہ بجٹ سفارشات پالیسی اقدامات قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ مذکورہ رپورٹ کمیشن کے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو پیش کی ہے جو برآمد کنندگان کیلئے باعث تشویش ہے۔ کمیشن نے ایکسپورٹرز کے موجودہ فائنل ٹیکس رجیم کو کم از کم ٹیکس رجیم میں تبدیل کرنے اور ایکسپورٹرز کی غیرملکی زرمبادلہ کی آمدنی پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی سفارش کی ہے جو کہ برآمد کنندگان اور حقیقی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر کی گئی ہے۔ ایکسپورٹ بزنس سو فیصد دستاویزی ہے اور اس کا لین دین رئیل ٹائم میں ہوتا ہے۔