انجینئرز کو تربیت فراہم کرنا انقلابی اقدام ہے: سی ای او میپکو

June 02, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مہر اللہ یار بھروانہ نے کہا ہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے نئے انجینئرز کو مختلف کمپنیوں /اداروں میں تربیت فراہم کرنا انقلابی اقدام ہے اس سے نہ صرف نئے انجینئرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا بلکہ وہ ملازمت اختیار کرکے حاصل کردہ تجربہ سے مستفید بھی ہوسکیں گے۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں فارغ التحصیل نئے انجینئرز کو انٹرن شپ دینے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر ناصر ایاز گرمانی نے کہا کہ میپکو نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تعاون سے تعلیم مکمل کرنے والے انجینئرز کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کئے ہیں۔ وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر محمد کامران نےکہا کہ مارکیٹ میں نئے انجینئرز کو تربیت فراہم کرناپاکستان انجینئرنگ کونسل کا وژن ہے۔ نئے انجینئرز کی 6ماہ کی انٹرن شپ میں حاصل کردہ تجربہ ملازمت کے دوران آسانیاں پیدا کرے گا۔ انچارج شعبہ کیمیکل انجینئرنگ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر صادق حسین نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا دارومدار انجینئرنگ سے ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن میپکو چوہدری خالد محمود نے کہا کہ انٹرن شپ میں میپکو کے مختلف شعبوں سے متعلق مکمل آگاہی دی جائیگی ،اس موقع پر ڈائریکٹر ایچ آر ایم وقاص مسعود چغتائی،ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی طاہر مفتی اور ڈپٹی رجسٹرار محمد کاشف علی بھی موجود تھے۔