امریکا، قرض کی حد میں اضافہ، 31.4 کھرب ڈالر کا دو طرفہ معاہدہ منظور

June 02, 2023

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکی صدر جو بائیڈن اور ایوان کی اسپیکر کیون میکارتھی کی جانب سے پیش کردہ قرض کی حد میں اضافے کے 31.4 کھرب ڈالر کا دو طرفہ معاہدہ بدھ کو ایوان نمائندگان میں اکثریتی ووٹنگ سے منظور کر لیا گیا۔ یہ پیش رفت امریکہ کو دیوالیہ ہونے سے بچنے کی آخری تاریخ سے پانچ روز قبل ہوئی ہے۔اب اس بل کو سینیٹ میں پیش کیا جائے گا اور صدر بائیڈن کے دستخط کے بعد قانون کی شکل اختیار کرلے گا۔ بل کی منظوری کے بعد صدرجو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دو طرفہ معاہدہ امریکی عوام اور معیشت دونوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ 435رکنی ایوانِ نمائندگان میں ووٹنگ کے دوران 314ارکان نے اس بل کی حمایت میں ووٹ دیا جب کہ 117نے اس کی مخالفت کی۔ ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ مزید قرض لینے کو ممکن بنائے گا اور اس امر کو بھی یقینی بنائے گا کہ ملک قرض کی ادائیگیوں میں ناکام نہ ہو، ورنہ امریکی اور عالمی معیشتوں کو ممکنہ طور پر تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔