کشمیری رہنما یٰسین ملک کا معاملہ جلد برطانوی پارلیمنٹ میں پیش کروں گی، ناز شاہ

June 03, 2023

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) شیڈو وزیر برطانیہ ناز شاہ ایم پی نے بھارت کی انسداد دہشت گردی کیلئے کام کرنے والی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے کشمیری رہنما یٰسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری رہنماؤں کو یقین دلایا ہے کہ وہ اگلے ہفتے برطانوی پارلیمنٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گی اور برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر فرینڈز آف کشمیر اور اے پی پی جی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی اور برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جیلوں میں بند کشمیری رہنماؤں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی پی یو کے کے سیکرٹری اطلاعات و فوکل پرسن حکومت پاکستان اوورسیز زاہد مغل کی زیر صدارت ہونے والی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب تحریک حق خودارادیت کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کو ستارہ پاکستان کا ایوارڈ ملنے کی خوشی میں منعقد کی گئی تھی۔ شیڈو وزیر ناز شاہ نے کہا کہ راجہ نجابت حسین اس اعزاز کے حق دار تھے، انہوں نے ساری زندگی مسئلہ کشمیر کیلئے آواز بلند کی اور کشمیرکے جھنڈے کو ہمیشہ بلند رکھا ۔تقریب میں سابق مشیر حکومت آزاد جموں کشمیر راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، تحریک کے سرپرست اعلیٰ سردار عبدالرحمن خان ،تحریک حق خود ارادیت گریٹر مانچسٹر کی چیئرپرسن روبینہ خان، نینا خان راجہ، چیئرپرسن چیشائر،بریڈ فورڈ کے سابق لارڈ میئر راجہ غضنفر خالق،پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے نائب صدر ساجد قریشی، کنزرویٹو مسلم فورم نارتھ ویسٹ کی چیئرپرسن ثمینہ خان، کنزرویٹو کونسلر ڈیوز بری عطرت علی، یارکشائر ادبی فورم کی چیئرپرسن غزل انصاری، خزینہ شعرو ادب کی نغمانہ کنول شیخ، امتیاز احمد شیخ، عمران علی، سابق کونسلر محبوب احمد، کنزرویٹو پارٹی کے نمائندے ڈاکٹر باسط،لیبر کونسلر بریڈفورڈ ابرار حسین ، شمائلہ خانم، سمیعہ جبران اور دیگر نے شرکت کی۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے زاہد مغل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے اعزاز میں استقبالیہ کی تقریب کااہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ ستارہ پاکستان کا اعزاز تمام کمیونٹی کا ہے جنہوں نے ہمیشہ کشمیر کاز کیلئے حمایت کی اور آئندہ بھی ہم مل کر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم برطانیہ میں تمام ہم خیال افراد اور تنظیموں سے رابطہ کر رہی ہے تاکہ آئندہ چند دنوں میں برطانوی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ برطانیہ کے مختلف شہروں میں لابی پروگرام کا انعقاد کیا جاسکے ،انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں اور سیاسی قیدیوں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ ہم ان کی رہائی کیلئے بھرپور مہم چلائیں گے اور بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کریں گے۔اس موقع پر فوکل پرسن حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیز زاہد مغل نے ناز شاہ ایم پی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےان کاشکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کشمیر کاز اور کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمیشہ آواز بلند کی، انہوں نے راجہ نجابت حسین اورجموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی ٹیم کو برطانیہ اور یورپ میں مسئلہ کشمیر پر کام جاری رکھنے کیلئے اپنی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔ دیگر شرکاء نے وعدہ کیا کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں اپنے ایم پیز اور کونسلرز کے ساتھ کشمیرمہم کیلئے اجلاس منعقد کریں گے۔