راچڈیل کے نئے ڈپٹی میئر کو اپنے خلاف شکایت پر اتھارٹی کی جانب سے تحقیقات کا سامنا

June 03, 2023

مانچسٹر( نمائندہ جنگ) گریٹر مانچسٹر کے علاقے راچڈیل کونسل کے نئے ڈپٹی میئر کو اپنے خلاف شکایت موصول ہونے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے تحقیقات کا سامنا ہے۔راچڈیل کونسل کی منصوبہ بندی اور لائسنسنگ کمیٹی کے سربراہ کونسلر شکیل احمد نے گزشتہ ماہ اجلاس میں ڈپٹی میئر راچڈیل کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ،کنگز وے کے لیبر ممبر کنزرویٹو کاؤنٹی مائیک ہولی رسمی فرائض سرانجام دیں گے۔ اس سال 4مئی کے بلدیاتی انتخابات سےقبل کونسلر شکیل احمد کے خلاف شکایت درج کرائی گئی تھی، کونسلر شکیل احمد نے تسلیم کیا ہے کہ مقامی اور علاقائی سطح پر تحقیقات جاری ہیں، اس مرحلے پر یہ معلوم نہیں ہوا کہ کیا شکیل احمد کو اسٹینڈرڈز کمیٹی کی سماعت کا سامنا کرنا پڑے گا یا ان کے خلاف شکایت کی بنیاد ثابت ہونے پر ان کیلئےکن پابندیوں پر غور کیا جا رہا ہے، ٹائم لائن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ شکایت کی تشخیص کے بعد اب ایک تحقیقات جاری ہے اور کونسل کے معیارات کے عمل کے ذریعے اس سے نمٹا جائے گا۔ تحقیقات کے مکمل ہونے تک مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔ راچڈیل لیبر گروپ نے اسی طرح کا بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جاری تحقیقات کے نتائج کے بارے میں ’’تعصب کرنا‘‘ غلط ہوگا لہذا کونسل شکیل احمد اور لیبر گروپ اس مرحلے پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے، سوائے لیبر پارٹی کے علاقائی پارٹی کی طرف سے طے شدہ تبصرے کے، لیبر نارتھ ویسٹ کے ترجمان نے کہاکہ پارٹی اندرونی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتی اور کسی بھی شکایت کی جانچ ہمارے قواعد و ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔ کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق کونسلر شکیل احمد آزاد کشمیر میں پیدا ہوئے تھےاور ان کی پرورش برطانیہ میں ہوئی۔ 1984 میں راچڈیل منتقل ہونے سے پہلے کوونٹری کے پرائمری اسکول میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے براڈ فیلڈ ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی، وہ ایک قابل فخر راچڈیلین ہیں،کونسل پروفائل میں کہا گیا ہے کہ وہ مساوات، سماجی انصاف اور سب کیلئےمساوی مواقع پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔