امریکی صدر جوبائیڈن تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے

June 03, 2023

نیویارک(نیوزڈیسک)امریکی صدر جوبائیڈن ایک تقریب کے دوران اسٹیج پر گر گئے۔رپورٹس کے مطابق صدر بائیڈن جمعرات کو کولوراڈو میں ائیر فورس اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس کو ڈگری دیتے ہوئے اچانک ریت کے چھوٹے سے تھیلے سے ٹکرا کر اسٹیج پر گر پڑے۔ تاہم اسٹیج پر موجود ائیرفورس کے اہلکاروں نے امریکی صدر کو سنبھالا اور انہیں دوبارہ کھڑا کر دیا اور پھر وہ واپس جاکر اپنی نشست پر بیٹھے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن بالکل ٹھیک ہیں، انہیں کسی قسم کی چوٹ نہیں آئی۔امریکی صدر کے تقریب کے دوران گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی کافی وائرل ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ 80 سالہ جو بائیڈن امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہیں اور صدارت سنبھالنے کے بعد وہ کئی بار لڑکھڑا چکے ہیں۔رواں سال مارچ میں بھی امریکی صدر جو بائیڈن ائیر فورس ون طیارے کی سیڑھیوں سے اوپر جاتے ہوئے لڑکھڑا گئے تھے۔اس سے قبل 22 فروری کو یورپ کے 3 روزہ دورے کے دوران بھی اس طرح کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ مئی 2022 میں سینٹ اینڈریو بیس میں طیارے پر سوار ہوتے وقت جو بائیڈن پھسل کر گرنے والے تھے مگر سیڑھیوں کے ہینڈ ریل کو تھام کر وہ بچ گئے۔