امریکی شہریوں پر کریڈٹ کارڈ قرض واجبات 10 کھرب ڈالرسے زائد ہوگئے

June 03, 2023

نیویارک(نیوزڈیسک) امریکی اخبار دی ہل کے مطابق امریکہ میں کریڈٹ کارڈ قرض واجبات 10 کھرب امریکی ڈالرز سے زائد ہوچکے ہیں اور نئے کارڈ پر اوسط شرح سود 24 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو ریگن دور کے بعد سب سے زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق ایک عام امریکی گھرانہ کریڈٹ کارڈ پر 10 ہزار ڈالر کا مقروض ہے۔ اگر آپ اسے ادا کرنے کی کوشش کریں تو بظاہر دیکھنے میں یہ زیادہ قرض نہیں لگتا۔ لیکن 250 ڈالر ماہانہ پر 24 فیصد شرح سے آپ 2030 تک ادائیگی ہی کرتے رہیں گے۔ اس دوران آپ کو 20 ہزار 318 ڈالر کی ادائیگی کرنا ہوگی۔یہ رقم واجب الادا رقم سے دوگنا ہے لیکن اس دوران آپ کارڈ دوبارہ استعمال نہیں کرسکیں گے۔ فیڈرل ریزرو کے مطابق ملک کا کریڈٹ کارڈ قرض 986 ارب ڈالر ز ہے۔ 2 برس کے دوران اس حجم میں 250 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ کچھ دوسرے اندازے اس سے بھی زیادہ ہیں۔ اے والٹ حب کی ایک رپورٹ کے مطابق 2022 کے اختتام تک کارڈ کا مجموعی قرض 12 کھرب ڈالر تھا۔