پاک فوج اور شہداء سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑواں شہروں میں ریلیاں

June 03, 2023

اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار، خبر نگار خصوصی ) پاک فوج اور شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے جڑواں شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ صوبہ ہزارہ تحریک کے زیر اہتمام تکریم شہداء پاکستان ریلی سے خطاب میں چیئرمین صوبہ ہزارہ تحریک اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر مذہبی امور سنیٹر طلحہ محمود مرکزی کو آرڈی نیٹر پروفیسر سجاد قمر نے کہا کہ شہدا ء پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پوری قوم 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے اور افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ ریلی بلیو ایریا سے ڈی چوک تک منعقد ہوئی جس میں محسن خان عباسی، عبدالرزاق عباسی، پرنس فصل حق، عبدالستار،سید گل بادشاہ، قاری محبوب الرحمن، مولانا عطاالرحمن کوہستانی، مولانا چراغ الدین شاہ اور دیگر بھی شریک تھے۔ سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہداء کا خون شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کلنک کا ٹیکہ ہیں، ان واقعات کے ذمہ داران کو کٹہرے میں لایا جائے۔دریں اثناء چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل اور نائب صدر جنوبی پنجاب خان محمد خان کی قیادت میں اظہار یکجہتی شہدا ء افواج پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈوکیٹ ساجد مجید ، اکرام الدین ، شیخ امجد، سکندر خان جدون نے بھی شرکت کی۔ ریلی گلاس فیکٹری چوک سے شروع ہوکر براستہ مری روڈ سے ہوتی ہوئی پریس کلب راولپنڈی پر اختتام پزیر ہوئی۔ محمد عبداللہ گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے دشمنوں کے آلہ کاروں نے 9 مئی کو ملک اور اداروں کو تباہ کرنے اور بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ففتھ جنریشن جنگ کے ذریعے عوام کے ذہنوں میں زہر گھولنے والے بلیک ڈے پر بےنقاب ہو گئے۔کرسچین پروگریسیو موومنٹ کے زیر اہتمام بھی مسلح افواج اور شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نائلہ جے دیال نے کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دنیا میں اپنا مقام رکھتی ہیں ۔ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس نے بھی جمعہ کو رحمان علی باجوہ کی قیادت میں شہداء پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور سرکاری ملازمین کے حقوق کے حصول کیلئے وفاقی سیکرٹریٹ سے پارلیمنٹ ہاوس تک ریلی نکا لی۔ ریلی کے شرکاء نے شہداء پاکستان اور افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ رحمان علی باجوہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت بجٹ میں تنخواہوں/ الاؤنسس اور پنشن میں اضافہ کرے۔