جاپان: قدرتی آفات کے دوران وینڈنگ مشینیں مفت چیزیں دیں گی

June 03, 2023

جاپان نے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے اپنی تیاریوں کو وینڈنگ مشینوں تک بڑھا دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے یا طوفان کی صورت میں یہ وینڈنگ مشینیں مفت میں کھانا اور مشروبات فراہم کریں گی۔

اس طرح کی دو مشینیں مغربی ساحلی شہر آکو میں نصب کی گئی ہیں۔ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ماہرین کے مطابق اگلے چند برسوں میں شدید نوعیت کے زلزلے آسکتے ہیں۔

ان مشینوں میں 300 بوتلیں اور چھوٹے کین اور 150 ہنگامی غذائی اشیاء رکھنے کی گنجائش ہے۔

وینڈنگ مشینوں کو ان عمارتوں کے قریب نصب کیا گیا ہے جنہیں قدرتی آفت کے وقت بطور پناہ گاہ استعمال کیا جائے گا۔

ان مشینوں کو ایسا بنایا گیا ہے کہ تیز طوفانی بارش یا شدید زلزلے کی صورت میں یہ خود پر سے تالا ہٹا دیں گی اور غذائی اشیا مفت میں دیں گی لیکن باقی سارے عرصے ان مشینوں میں سے ادائیگی کے بعد ہی کھانا لیا جاسکے گا۔