عوام رشی سوناک کی مقرر کردہ 5 ترجیحات کو درست تصور نہیں کرتے

June 05, 2023

لندن (پی ا ے) عوام رشی سوناک کی ترجیحات کو درست تصور نہیں کرتے اور یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت رشی سوناک کی مقرر کردہ 5ترجیحات افراط زر کو نصف کرنا، معیشت کو ترقی دینا، این ایچ ایس کی انتظار کی فہرست میں کٹوتی، قومی قرضوں میں کمی اور چھوٹی کشتیوں کی آمد روکنے پر عمل کر کے ایک غلط کام کررہی ہے۔اپسوس کی جانب سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق 50فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ یہ تمام ترجیحات غلط ہیں اور عوام اہم معاملات کے بارے میں رشی سوناک کے فیصلوں کو غلط تصور کررہے ہیں۔ سروے کے مطابق عوام کی اولین ترجیح اخراجات زندگی میں کمی ہے اور 59فیصد عوام اسے سب سے اہم مسئلہ تصور کرتے ہیں جبکہ این ایچ ایس میں فوری علاج کو 54فیصد افراد اور انتظار کی مدت میں کمی کو 51 فیصد افراد اہم مسئلہ تصور کرتے ہیں۔ 60 فیصد افراد سمجھتے ہیں کہ اخراجات زندگی میں کمی کے حوالے سے حکومت درست کام نہیں کررہی ہے۔ صرف 15فیصد افرد قومی قرضوں میں کمی ایک اہم کام تصور کرتے ہیں۔ عام طورپرلوگ سمجھتے ہیں کہ لیبر پارٹی کی حکومت ٹوریز کے مقابلے میں بہتر کام کرے گی۔ چوتھائی سے ایک تہائی تک لوگ سمجھتے ہیں کہ سرکیئر اسٹارمر کی زیر قیادت لیبر پارٹی افراط زر کو نصف کرنے، معیشت کے فروغ، این ایچ ایس کے انتظارکے وقت میں کمی کیلئے بہتر کام کرسکے گی۔ 21 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ لیبر پارٹی چھوٹی کشتیوں کی آمد روکنے کیلئے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔ 22 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ حکومت اپنی مقررہ ترجیحات پر اچھا کام کررہی ہے۔ 26 مئی سے 30 مئی کے دوران کئے گئے اس سروے کے دوران 2,200 افراد سے حکومت کی ترجیحات اور اگلے عام انتخابات کے نتائج کے بارے میں ان کی رائے معلوم کی گئی تھی۔ عوام کی اکثریت نے انتخابات میں لیبر کی حکومت کو کنزرویٹو پر ترجیح دی۔ 39 فیصد نے لیبر حکومت کو بہترین قرار دیا جبکہ 31 فیصد نے لیبر اور لبرل ڈیموکریٹس کی مخلوط حکومت کی حمایت کی۔ صرف 27 فیصد نے کنزرویٹو پارٹی کو بہترین قرار دیا۔