یاسمین راشد نے 41 کالز کیں، ریکارڈ موجود بریت کا فیصلہ چیلنج کرینگے، آئی جی پنجاب

June 05, 2023

لاہور(کرائم رپورٹر سے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے 41کالز کیں، ریکارڈ موجود، بریت کا فیصلہ چیلنج کرینگے ۔ حساس تنصیبات پر حملے ایک وقت میں مکمل اور منظم پلاننگ کے تحت پلان کئے گئے۔جناح ہاؤس پر حملےکیلئے اکسانے کیلئے مجموعی طور پر215 کالز کی گئیں جن میں یاسمین راشد،اسلم اقبال ،مراد راس اور محمود الرشید کی کالز شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی سی پی لاہور بلال صدیق کمیانہ و دیگر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ سنٹرل پولیس آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔آئی جی ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد کے خلاف پولیس کےپاس ٹھوس ثبوت ہیں ۔لہٰذا ہم مقامی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے لگے ہیں ،ہمیں ان تمام پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے کالز کے ریکارڈ مل گئے ہیں جنہوں نے ایک پہلے سے طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کور کمانڈر ہاؤس سمیت دیگر ریاستی داروں کو ٹارگٹ کیا ۔جلد مفرور ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا۔