فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں، متعدد فوڈ پوائنٹس کوجرمانے

June 07, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان، خانیوال اور وہاڑی میں بیوریج یونٹس، آئس فیکٹریوں، سویٹس اینڈ بیکرز یونٹس اور کریانہ سٹورز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، اس دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے، ملتان میں بیکری پروڈکشن یونٹ کی اصلاح تک پروڈکشن بند، کبیروالا میں دودھ بردار گاڑی کی چیکنگ، 750 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف، 60 لیٹر سوڈا واٹر، 20 کلو غیر معیاری اشیا تلف کر دی گئیں، تفصیلات کے مطابق ترین روڈ پر واقع بیکری یونٹ کو واشنگ ایریا میں گندگی پائے جانے، پروسیسنگ ایریا میں حشرات کی بھرمار ہونے پر اصلاح تک کام سے روک دیا گیا، اسی طرح بوہڑ گیٹ ملتان میں سوڈا واٹر پلانٹ کو ناقابل سراغ ملاوٹی اجزا کا استعمال کرنے پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، اس کے علاوہ جلالپور پیروالا میں ناقابل سراغ ملاوٹی سرخ مرچیں فروخت کرنے پر سپر سٹور کو 10 ہزار، ملتان روڈ کبیر والا میں آئس فیکٹری کو خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے، ورکرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی پر 15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، مزید برآں 8 کسی کبیر والا میں ناکہ بندی کے دوران دودھ بردار گاڑی کی چیکنگ کی گئی، ٹیسٹ کے دوران دودھ میں یوریا اور فارمالین کی ملاوٹ پائی گئی تھی، ملاوٹ ثابت ہونے پر 750 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا۔