ینگ ڈاکٹرز کا مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

June 07, 2023

لاہور(جنرل رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے اوپی ڈی ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا اس بات کا فیصلہ لاہور ریجن کے تمام چیپٹرز کے صدور کے اہم اجلاس میں کیا گیا جو جناح ہسپتال لاہور میں ہوا ، جس میں ڈاکٹر حسیب تھند، ڈاکٹر عمران بھٹی ڈاکٹر رانا حمزہ نزیر ، ڈاکٹر اعظم ، ڈاکٹر راشد علی ورک، ڈاکٹر ابو بکر گرمانی ڈاکٹرحسن رضا ، ڈاکٹر احمد یار اور ڈاکٹر سلیم نیازی نے شرکت کی۔ وائی ڈی اے بہاولپور کے صدر ڈاکٹر احمد ارسلان نے خصوصی طور پر شرکت کی تمام لیڈر شپ کی خصوصی درخواست پر وائے ڈی اے کے سابق سینئر رہنماؤں جن میں سابقہ صدر ڈاکٹر اجمل چوہدری،اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر چوہدری، ڈاکٹر سلمان حسیب چوہدری، ڈاکٹر شیعب خان نیازی، ڈاکٹر عاطف مجید چوہدری نے خصوصی شرکت کی۔ میٹنگ کے تمام شرکاء نے چلڈرن ہسپتال لاہور میں ڈاکٹر سعد رفیق پر آنے والے بہیمانہ تشدد کی سخت مذمت کی۔ اجلاس میں ڈی اے کی تمام لیڈرشپ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیاکہ اپنے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لئیے ہونے والی قانون سازی سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔تمام زیر التوا مطالبات کے حل کے لئیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔