جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد اور روانگی کے رواں برس کے اعداد و شمار

June 07, 2023

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے امیگریشن کراچی کے ہیڈ کوارٹر کو بھیجے گئے مسافروں کی آمد اور روانگی کے اعدادوشمار کے مطابق رواں برس کے پانچ ماہ یعنی مئی تک انٹرنیشنل ڈپارچر پر 1,106 مسافروں کو بیرون ملک جانے والی پروازوں سے آف لوڈ کیا گیا۔ 6 مسافروں کے ویزے جعلی پائے گئے۔ 32 مسافروں کے پاسپورٹ اور دستاویزات جعلی ثابت ہوئیں۔ 26 مسافروں کا نیشنل اسٹیٹس مشکوک پایا گیا۔ 171 مسافروں کے نام ہٹ لسٹ پر ظاہر ہوئے اور ان کو بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا۔ 65 غیر ملکیوں کو پاکستان سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ اسی طرح کراچی کے انٹرنیشنل ارائیول کے اعداد و شمار کے مطابق 4,278 پروازوں سے مجموعی طور پر 6 لاکھ 38 ہزار 620 مسافروں کی کراچی میں آمد ہوئی۔ ان میں 1 لاکھ 6 ہزار 438 غیر ملکی اور 5 لاکھ 38 ہزار پاکستانی مسافر شامل تھے۔ 390 غیرملکی مسافروں کو ایئر پورٹ پر لینڈنگ پرمٹ جاری کیے گئے۔ 9 غیرملکی مسافروں کو کراچی آمد پر انٹری نہیں دی گئی اور ان کو بے دخل کر دیا گیا۔