زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت سیل کرنے کے آرڈر پر حکم امتناع میں توسیع

June 07, 2023

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہراہ دستور پر زیر تعمیر کثیر منزلہ عمارت گرینڈ حیات کو سیل کرنے کے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے آرڈر پر حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے نیب اور ایف آئی اے کو کارروائی سے روک دیا جبکہ فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی، منگل کوچیف جسٹس عامرفاروق نے سماعت کی تو سی ڈی اے ، نیب ، ایف بی آر ، سٹیٹ بنک، ایف آئی اے حکام اورموقع پر وفاق کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عظمت بشیر تارڑ پیش ہوئے، چیف جسٹس نے کہاکہ آج تو صرف سپریم کورٹ کے آرڈر پر عملدرآمد سے اس کیس کو الگ کرنے کی درخواست ہے آپکی نئی درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیتے ہیں پھر آگے چلیں گے، سوال یہ ہے کہ کیا پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ڈومین میں عمارت سیل کرنا شامل ہے اس کیس کو سنیں گے اور جائزہ لیں گے مگر ابھی وہ مرحلہ نہیں آیا ،ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہاکہ آج کیس ری لسٹ کردیں تاکہ جواب بھی آ جائے عدالت نے درخواست گزار کی متفرق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 22 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔