سندھ فیسٹیول کرپشن کیس، ڈائریکٹر کلچر اعجاز شیخ کی نیب کو وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش

June 07, 2023

کراچی(مطلوب حسین /اسٹاف رپورٹر)سندھ فیسٹیول کرپشن کیس میں ڈائریکٹر کلچر اعجاز شیخ نےنیب کو وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کی ہے،23 فروری 2022 کو سندھ فیسٹیول کرپشن کیس میں ملوث اعجاز شیخ نے ایک درخواست جمع کرائی جس میں انہوں نےوعدہ معاف گواہ بننے کی پیش کش کرتے ہوئے نیب کو اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ سندھ فیسٹول کرپشن کیس سے متعلق تفتیش میں ہر ممکن تعاون کرائیں گے،بعد ازاں 18 اپریل 2022 کو چیئرمین نیب کے سامنے بھی پیش ہوکر اعجاز شیخ نے اپنی پیش کش کی تصدیق بھی کی۔تاہم 18 بار نیب نوٹس موصول ہونے کے باوجود ڈائریکٹر کلچر اعجاز شیخ نے اپنا بیان تاحال مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ نہیں کرایا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے 18 اپریل اعجاز شیخ کو نوٹس ارسا ل کیا جس میں انہیں اس بات کی تنبیہ کی گئی کہ اگرانکی جانب سے سندھ فیسٹیول کرپشن کیس کی تفتیش میں تعاون نہیں کیا توانہیں وعدہ معاف گواہ بننے کے لئے دی گئی رعایت ختم کرکے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔