اوورسیز منافع بخش کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، وزیرتجارت

June 09, 2023

لندن (جنگ نیوز) پاکستان کےوزیر تجارت نوید قمر نے برٹش پاکستانیوں سے کہا ہے کہ ملک میں منافع بخش کاروباری مواقعوں کاروبار دوست ماحول سے فائد اٹھانے کے لئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں وہ پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ہائی کمشنر معظم احمد خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ ، برٹش پاکستانی کمیونٹی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔اپنی تقریر کے دوران وزیر نوید قمر نے برٹش پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقعوں کا جائزہ لیں جبکہ انہوں نے سرمایہ کاری میں پر کشش منافع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان میں سازگار کاروباری مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودکامیاب برٹش کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔ وزیر نے پاکستان کی تعمیر و ترقی بشمول پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی ڈسپورا کے مثبت کردار کو سراہا قبل ازیں اپنے خیر مقدمی خطاب میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان طویل المدتی تعلقات پر روشنی ڈالی جس کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ انہوں نے وزیر قمر کے دورہ برطانیہ کو دونوں ممالک کے درمیان خصوصی بندھن کو مضبوطی کا ذریعہ قرار دیا ۔ تجارت اور سرمایہ کاری میں قابل ذکر ترقی پر روشنی ڈالتے ہوئے ہائی کمشنر نے بتایا کہ برطانیہ کے لئے پاکستان کی برآمدات تاریخ میں پہلی بار 2بلین پونڈز کا تاریخی سنگ میل عبور کر چکی ہیں۔ یہ کامیابی 197فیصد قابل ذکر اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ہائی کمشنر نے پاکستان کو سپورٹ کرنے اور دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کے بے مثال کردار کی تعریف کی۔