حکومتی پیشکش کے باوجود سرکاری ملازمین کا تنخواہوں کے مسئلے پر ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ

June 09, 2023

لندن (پی اے) سرکاری ملازمین کی تنظیم پبلک اور کمرشل سروسز یونین کے ارکان نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں میںاضافے کی پیشکش کے باوجود ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ یونین کےمطابق منگل کو شمالی آئرلینڈ میں ہڑتال کے بعد اب بدھ کو ویلز میں ہڑتال گئی۔ یونین کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے، چھانٹیوں اور ملازمت کے تحفظ سے متعلق آفر پر غور کے ساتھ ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملازمین کو کی جانے والی آفر گزشتہ 20سال میں سب سے بڑی آفر ہے۔ اس سےقبل یونین کے جنرل سیکرٹری مارک سرووٹکا نے کہا تھا کہ حکومت میز پر رقم رکھ کر مذاکرات کرے۔ حکومت نے ڈیڈ لاک ختم کرنے کیلئے جمعہ کو نئی آفر کی ہے۔ یونین کے سربراہوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے سینئر سے نچلے گریڈ کے ملازمین کو رواں مالی سال کے دوران یکمشت 1500پونڈ ادا کرنے کی آفر کی ہے۔ یونین نے اس آفر کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ہماری یونین کی تاریخ میں یونین کے ارکان معقول اضافی رقم مل رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ہی پہلے سے اعلان شدہ پروگرام کے مطابق ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ویلز میں ہڑتال سے آڈٹ ویلز اور ویلز کے نیشنل میوزیم کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور اور وہیکل لائسنسنگ ایجنسی کےملازمین 11جون سے 15روزہ ہڑتال کریں گے جبکہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کے 286سینٹرز کے ایگزامز 15جون سے ہڑتال شروع کریں گے۔ یونین نے کہا ہے کہ مزید ہڑتالوں کیلئے رائے شماری حکومت سے مذاکرات کے نتائج سامنے آنے تک کیلئے روک دی گئی ہے۔