حکومت آزاد کشمیر کوٹلی میں نہر کی بحالی کیلئے اقدامات کرے، شبیر ملک

June 09, 2023

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) حکومت آزاد کشمیر ضلع کوٹلی میں نہر کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کرے ۔ واٹر چینل کوٹلی ٹرسٹ کے مرکزی رہنما اور سابق جنرل سیکٹری مسلم کانفرنس برطانیہ شبیر ملک نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ضلع کوٹلی میں ساردہ کے مقام سے سلائیڈنگ ہونے کے باعث نہر کا پانی گزشتہ تین ہفتہ سے بند ہے ،عوام علاقہ کی دو لاکھ سے زائد ابادی کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، نالہ کھڈ تا ڈھنگروٹ ٹنل بنانے کے لیے سروے کیا جائے کہ اس پر کتنی لاگت آئے گی۔ ساردہ کا مقام انتہائی خطرناک ہے جہاں سے انتظامیہ کو لینڈ سلائیڈنگ کا سامنا رہتا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ نہر کا راستہ تبدیل کیا جائے۔شبیر ملک نے کہا کہ ضلع کوٹلی آزاد کشمیر میں ابادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ضلع ہے ، یہ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہےکہ ضلع کوٹلی کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں ۔ شبیر ملک نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارلحق سے مطالبہ کیا کہ نہر کی سابقہ پوزیشن بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں ، موجودہ پانی آبادی کے لیے ناکافی ہے،دندلی کے مقام عارضی ڈیم کی جگہ مکمل پختہ ڈیم تعمیر کیا جائے تا کہ آبادی کو ضرورت سے زائد پانی مل سکے ۔شبیر ملک نے کہا مہنگائی کے اس دور میں زراعت کے شعبے کو اولین ترجیح دی جائے ، آزاد کشمیر کو خوراک کے معاملے میں خود کفیل بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔