وکلا کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، قاتلوں کو کٹہرے میں لایا جائے، وکلاء تنظیمیں

June 09, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان کی وکلاء تنظیموں کے رہنماؤں نے کہاہے کہ بلوچستان کے وکلاء کو ایک عرصے سے مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، خطے میں سب زیادہ وکلا پاکستان میں شہید کئے گئے ، آج ملک میں جرائم پیشہ افراد آزاد اور شریف لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، وکلا کے بغیر ملک چل نہیں سکتا ،وکلا کی قربانیاں نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں، وکلاء کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ان خیالات کا اظہار کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے زیراہتمام شہید بیرسٹرامان اللہ اچکزئی، شہید عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ ،شہید جہانزیب علوی اور شہید سنئیرسول جج عبدالواحد درانی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد پانیزئی، چنگیز حئی بلوچ، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمدافضل حریفال ، بلوچستان بار کونسل کے سلیم احمد لاشاری،خلیل احمد پانیزئی،میر عطاء اللہ لانگو،جہانگیر خان مندوخیل،عبدالمجید دومڑ ودیگر نے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور بعدازاں لنگر تقسیم کیاگیا۔مقررین نے ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہید بیرسٹرامان اللہ اچکزئی ، عبدالرزاق شر،جہانزیب علوی ،سینئر سول جج عبدالواحد درانی اور 8اگست کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان میں وکلا کو تواتر سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے، ملک بھر میں رواں سال 60 وکلا شہید کیا گیا ہے،حکومت شہید وکلاء کے قتل کے حقائق سامنے لائے، حکومت وکلا کے قتل کے تدارک کے لئے کچھ نہیں کررہی جوافسوسناک ہے، آج ملک میں جرائم پیشہ افراد آزاد اور شریف لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، وکلا کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بلوچستان کے وکلاء نے پہلے کوئی کمپرومائز کیا اور نہ آئندہ کرے گی بلکہ بھرپور جدوجہد کے ساتھ کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔