شہری 3 گاڑیوں، 23 موٹر سائیکلوں، زیورات، موبائل فونز، نقدی سے محروم

June 09, 2023

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 14موٹرسائیکلوں،طلائی زیورات،موبائلز اور نقدی سے محروم ہوگئے،شہرکے مختلف علاقوں میں 13 افراد سے جھپٹامارکر ان کے موبائل فون چھین لئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت میں شہری تین گاڑیوں، نو موٹرسائیکلوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔تھانہ کوہسار کے علاقے میں جنرل (ر) انیس عباسی کی گاڑی سے تین لاکھ روپے مالیت کا موبائل چھین لیاگیا۔تھانہ نصیرآبادکے علاقہ میں مرزا واجدیسین کے گھرکے تالے توڑکر موٹرسائیکل، ڈیڑھ لاکھ روپے، لیپ ٹاپ، راج ولی خان کے پراپرٹی دفتر سے 5لاکھ روپے ،تھانہ صدربیرونی کے علاقہ ڈھوک راجگان میں محمدآصف کے گھرکاتالہ توڑکر 6لاکھ چالیس ہزار روپے اور سوا 6تولے سونا چوری کرلیاگیا۔ تھانہ لوہی بھیر کے علاقے میں فہمیدہ کے گھر سے طلائی زیوارت ونقدی اڑا لی گئی۔تھانہ کینٹ کے علاقہ کشمیر روڈپر دوموٹرسائیکل سوار امتیاز حسین شاہ کے ہاتھ میں اٹھایا بیگ چھین کر فرا رہوگئے جس میں ڈیڑھ لاکھ روپے اورگھڑی تھی۔تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں حسین شاہ وغیرہ نے مصطفی کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر دس لاکھ روپے اوردیگر کاغذات چوری کرلیے ۔تھانہ پیرودھائی کے علاقہ بدرکالونی میں دوموٹرسائیکل سوار اسلحہ کی نوک پرخضر عباسی سے موبائل اور20ہزار روپے ،تھانہ وارث خان کے علاقہ کمیٹی چوک میں دوموٹرسائیکل سواراسلحہ کی نوک پر شہزاد علی سےساڑھے تین ہزارروپے ،تھانہ نیوٹاؤن کے علاقہ نیوکٹاریاں میں چارنامعلوم ملزمان اسلحہ کی نوک پر عطیہ بتول سے 2 موبائل اور ایک لاکھ 2ہزار300روپے ،تھانہ آراے بازارکے علاقہ عزیز آبادمیں 2لڑکے گن پوائنٹ پرمرزا امتیاز احمد سے موبائل لے اڑے۔ تھانہ روات کے علاقہ ہرکہ موڑکے قریب دوموٹرسائیکل سوار نقاب پوش ملزمان شاہ محمد سے دوموبائل اور15 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ جاتلی، دھمیال، روات ،نون ، شہزاد ٹاؤن ، آئی نائن ،سبزی منڈی ،بھارہ کہو ، کراچی کمپنی، ترنول اورتھانہ سنگ جانی کے علاقے میں ہوئیں۔