اس سال کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جارہا، اسحاق ڈار

June 09, 2023

فوٹو فائل

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اس سال کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جارہا اور حکومت کی کوشش ہے کہ ملک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اسحاق ڈار نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ روزگار کے مواقع بڑھائے جائیں اور کاروبار میں آسانیاں لائی جائیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ صنعتوں کی حوصلہ افزائی ہوا، برآمدات میں اضافہ کیا جائے، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سلسلے میں زیادہ تر مراعات کی وضاحت میں نے پہلے ہی کردی ہے۔

بیرون ملک سے رقم بھیجنے والوں کو مراعات دینے کا فیصلہ

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ترسیلات زر کو فروغ دینے کیلئے مراعات دی جارہی ہیں، ترسیلات زر کے ذریعے غیر منقولہ جائیداد خریدنے پر 2 فیصد ٹیکس ختم کیا جارہا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ریمٹنس کارڈ کی کیٹیگری میں ایک نئے ڈائمنڈ کارڈ کا اجرا کیا جا رہا ہے، سالانہ 50 ہزار ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجنے والوں کو ڈائمنڈ کارڈ جاری ہوگا۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ ڈائمند کارڈ رکھنے والے کو پاکستانی ایئرپورٹس پر فاسٹ ٹریک امیگریشن کی سہولت ملے گی۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ ڈائمنڈ کارڈ پر ایک غیر ممنوعہ بور لائسنس جاری کیا جائے گا، ڈائمنڈ کارڈ پر گریٹس پاسپورٹ اور سفارتخانوں میں ترجیحی رسائی ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریمٹنس کارڈ ہولڈرز کو قرعہ اندازی کے ذریعے بڑے انعامات دینے کی اسکیم کا اجرا ہوگا۔