فوڈ اتھارٹی کا کوئٹہ میں بیکریوں سمیت17مراکز کو جرمانہ

June 10, 2023

کوئٹہ(خ ن) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی لائسنس کی عدم دستیابی اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کھانے پینے کے چھوٹے بڑے مراکز کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اس سلسلے میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں انسپکشن کے دوران معروف بیکریوں سمیت خوراک کے 17 مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق خیزی چوک اور سمنگلی روڈ میں 9 مراکز کو جرمانہ کیا گیا ، بیکری کے خلاف لائسنس نہ ہونے کے علاوہ زائد المیعاد مصنوعات کی موجودگی اور بیکری اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخیں نہ ہونے پر ایکشن لیا گیا ۔ دوران انسپکشن ایک مصالحہ شاپ اور ایک جنرل اسٹور سے ایکسپائرڈ مشروبات ، مصالحے ، نان فوڈ گریڈ کلرز اور ممنوعہ چائنیز نمک و گٹکاپان پراگ برآمد ہوا جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔ لائسنس کی عدم دستیابی پر دیگر جرمانہ کئے گئے مراکز میں ایک پکوان ہاؤس ، ایک ہوٹل ، 2 جنرل اسٹورز اورایک سپر اسٹور شامل تھے۔ اسی طرح بی ایف اے انسپکشن ٹیم نے بروری اور اسپنی روڈ میں 3 مشہور بیکرز جبکہ ایک مصالحہ شاپ کے خلاف ایکشن لیا ۔