ہائیکوٹ: عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر ڈی سی، اے سی کو توہین عدالت کا نوٹس

June 10, 2023

ملتان ( سٹاف رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس رسال حسن سید نے عدالت عالیہ کے احکامات کو نظر انداز کرنے پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سلیم لودھی، اسسٹنٹ کمشنر علی پور عمران رفیق کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کو طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو عدالت کی خفگی بارے آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ ہفتے رپورٹ پیش کریں، باضابطہ سیلیکشن ہونے اور تقرر نامہ جاری کرنے کے باوجود پیٹیشنر اظہر قیوم کو ڈیوٹی پر نہ لینے اور سات ماہ سے تنخواہ ادانہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس مزمل اختر شبیر نے پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول گوہرآباد سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی مظفر گڑھ سے 15 روز میں رپورٹ طلب کرلی، ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس طارق سلیم شیخ نے باربار توہین عدالت کا ارتکاب کرنے اور عدالتی احکامات کے باوجود تین بار گوپی محلہ(بوہڑ گیٹ) کے صارف کامران احمد کا بجلی کا میٹراتارنے پرمتعلقہ سب ڈویژنل آفیسر میپکو کو ذاتی طورپر13جون کو طلب کرلیاہے۔