سرجانی، فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق، ایک زخمی، ورثا کا احتجاج

June 10, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن یارو گوٹھ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزم شعیب عرف مستانہ کو گرفتار کرلیا، ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے ڈکیت سمجھ کر ان پر فائرنگ کی تھی، مقتول کے ورثاء نے گرفتار ملزم کی حوالگی کا مطالبہ کرتے ہوئے تھانے کے باہر احتجاج کیا اس دوران مظاہرین نے تھانے پر پتھراؤ کیا اور تھانے میں داخل ہونے کی کوش کی ، پولیس نے تھانے کے دروازے بند کردیے اور ہوائی فائرنگ کی جس سے علاقے میں خوف و پراس پھیل گیا، پولیس نے چار افراد کو حراست میں لے لیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب پیش آیا ،پولیس کے مطابق عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ مزکورہ مقام پر قائم ہوٹل کی مخالف سمت سے فائرنگ کی آواز آئی اور اس دوران ایک زخمی بھاگتا ہوا انکے ہوٹل پر آیا جسے اندر لایا گیا تو اس نے بتایا کہ اسکے دوسرے ساتھی کو بھی گولی لگی ہے جو روڈ پر گرگیا ہے جس پر ایمبولینس کو بلایا گیا اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اس دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وکیل نامی شخص چل بسا ، زخمی اصغر کو طبی امداد دی جارہی ہے ، متوفی اور زخمی گارمنٹس فیکٹری کے ملازم اور یارو گوٹھ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔