برطانیہ کا 7 عرب ممالک کے شہریوں کیلئے 10 پونڈ میں وزٹ ویزے کا اعلان

June 11, 2023

لندن (نیوزڈیسک) برطانوی حکومت نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور اردن کے شہریوں کیلئے صرف 10پاؤنڈ کی لاگت سے ای ویزا پرمٹ کی دستیابی کا اعلان کردیا۔مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں برطانوی حکومت کی ترجمان روزی ڈیاز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ الیکٹرانک وزٹ ویزے کے اخراجات اور ضروریات کو کم کرنے سے خلیجی ممالک اور اردن کے زائرین سب سے کم لاگت میں آسانی کیساتھ برطانیہ کا دورہ کر سکیں گے، ان ممالک کے شہری سب سے پہلے ویزا سے مستفید ہوں گے۔یہ نیا نظام ان ممالک کے شہریوں کو دو سال کے عرصے میں کئی مرتبہ برطانیہ جانے کی اجازت دیتا ہے، اس کے مقابلے میں خلیجی ممالک کے شہری اس وقت نافذ الیکٹرونک ویزا استثنیٰ کے نظام کے تحت برطانیہ جانے کیلئے 30پاؤنڈ ادا کرتے ہیں ۔دوسری جانب اردن کے شہری برطانیہ کا وزٹ ویزا حاصل کرنے کیلئے 100پاؤنڈ ادا کرتے ہیں۔الیکٹرانک وزٹ پرمٹ سسٹم کا اطلاق اکتوبر 2023میں قطری شہریوں اور خلیج تعاون کونسل کے بقیہ ملکوں اور اردن کے شہریوں پر فروری 2024میں ہونا شروع ہو جائے گا۔ 2024میں اس نئے سسٹم کا اطلاق پوری دنیا میں بھی کیا جائیگا۔رواں سال کے شروع میں برطانوی حکومت نے2025تک برطانیہ کی سرحدی کراسنگ کو ڈیجیٹلائز کرنے کی اپنی کوشش کے تناظر میں نئے الیکٹرانک وزٹ پرمٹ سسٹم کے آغاز کا اعلان کیا تاکہ سرحدی حفاظت اور اس کے ذریعے آنے والے افراد کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔خلیجی ممالک سے آنے والے زائرین برطانوی معیشت کیلئے بہت اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ گزشتہ سال خلیجی ممالک سے 7 لاکھ 90 ہزار سے زیادہ زائرین نے برطانیہ کا دورہ کیا اور وہاں قیام کے دوران دو ارب پاؤنڈ خرچ کیے تھے۔ای وزٹ پاس ان مسافروں کے لیے ایک ڈیجیٹل پاس ہے جو برطانیہ جانے والے ہیں یا وہاں سے گزرتے ہیں، انہیں مختصر دوروں کیلئے ویزا کی ضرورت نہیں ہے یا جن کے پاس فی الحال برطانیہ کا دوسرا ویزا نہیں ہے۔الیکٹرانک وزٹ پرمٹ سسٹم میں منتقلی کا مطلب خلیج تعاون کونسل کے ملکوں اور اردن کے شہریوں کیلئے ویزا کی ضروریات کو منسوخ کرنا ہے۔