پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے برطانوی امداد کے بارے میں شاہ چارلس کو بریفنگ

June 11, 2023

لندن (پی اے) ڈیزاسٹر ایمرجنسی کمیٹی کی چیریٹیز کی جانب سےگزشتہ روز بکنگھم پیلس میں شاہ چارلس کو پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے برطانوی امداد کے بارے میں بریفنگ دی گئی ،اور انھیں برطانوی امداد سے پاکستانی سیلاب زدگان کو پہنچنے والے فوائد کے بارے میں بتایاگیا،پاکستانی سیلاب زدگان کیلئے امداد جمع کرنے کی مہم کے دوران 47ملین پونڈ سے زیادہ امداد جمع کی گئی تھی جس میں حکومت برطانیہ سے دئے گئے 5 ملین پونڈ بھی شامل تھے۔پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے لاکھوں افراد کے بے گھر ہوجانے کے بعد آنجہانی ملکہ ،شہزادہ اور شہزادی ویلز نے بھی عطیات دئے تھے۔پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پانی اور مچھروں کی وجہ سےپیدا ہونے والے بنیادی صحت کے مسائل پیداہوگئے تھے ۔DECکے چیف ایگزیکٹو صالح سعید نے شاہ کو بتایا کہ اس تباہ کن سیلاب کے کئی ماہ بعد بھی سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں اور برطانوی عوام کی جانب سے دی جانے والی امداد بہت اہم ثابت ہوئی۔اس سیلاب کی وجہ سے نہ صرف یہ کہ لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوگئے بلکہ جن علاقوں کے لوگوں کی گزر بسر زراعت پر تھی وہ اپنے ذریعہ آمدنی سے بھی محروم ہوگئے تھے ۔ شاہ کو بتایا گیا کہ کرشن نامی ایک بچی جو غذائیت کی شدید کمی کا شکار تھی اس کی ماں ناجو DEC کے فنڈ سے چلنے والے ایک موبائل ہیلتھ کلینک پرلائی جہاں اسے غذائیت سے بھرپور مونگ پھلی کا پیسٹ دیا گیا جس سے اس کی صحتیابی میں مدد ملی ،شاہ کو بتایا گیا کہ کس طرح معمولی لیکن موثر علاج سے لوگوں کی جان بچائی جاسکتی ہے اور بچوں کی مدد کی جاسکتی ہے ،DEC کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدگان کو ابتدائی 6 ماہ کے دوران کم وبیش 160,000افراد کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی گئیں جن میں ویکسین لگانا اور زچگی سے متعلق سہولتیں شامل تھیں، لوگوں کو پینے کاصاف پانی فراہم کیاگیا اور عارضی شیلٹر فراہم کئے گئے 123,000 سے زیادہ افراد کو گندم ،چاول ،چینی اورخوردنی تیل فراہم کیاگیا ۔ پاکستان کے اس تباہ کن سیلاب کی وجہ سے 2 ملین سے زیادہ مکان تباہ ہوگئے تھے اور کم وبیش 20 ملین افراد کو انسانی بنیادوں پر مدد کی ضرورت تھی۔