80 ہزار امریکی فوجی نیٹو کا حصہ، یورپ میں موجود ہیں، بائیڈن

June 11, 2023

واشنگٹن (نیوزڈیسک) امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کانگریس کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ نیٹو افواج میں شامل 80ہزار امریکی فوجی اس وقت یورپ میں موجود ہیں۔روسی خبر رساں ادارے کے مطابق دستاویز میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے 80ہزار فوجی اہلکاروں کو اتحادیوں کو یقین دلانے اور مزید روسی جارحیت کو روکنے کیلئے یورپ میں نیٹو کے ممالک میں تعینات کیا گیا ہے، اس وقت نیٹو کی کوسوو فورس کی افرادی قوت 3ہزار 800 ہے جن میں امریکی فوجیوں کی تعداد 591ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ 2ہزار 657امریکی فوجی سعودی عرب میں تعینات ہیں ،یہ سعودی عرب کیساتھ مل کر کام کرتے ہیں ، یہ فوجی فضائی اور میزائل دفاعی صلاحیتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی فوجی طیاروں کے آپریشن میں معاونت بھی فراہم کرتے ہیں ۔دستاویزکے مطابق داعش سے نمٹنے کے لیے اردن میں تقریباً2ہزار 900امریکی فوجی تعینات کیے گئے ہیں، لبنانی حکومت کی درخواست پر89امریکی فوجی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کر رہے ہیں۔ داعش سے نمٹنے کے لیے ترکیہ اور یمن میں امریکی افواج بھی تعینات کی گئی ہیں لیکن خط میں ان کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی ۔جو بائیڈن نے سوڈان میں امریکی فوجی کارروائیوں کا ذکر کیا جن میں امریکی شہریوں کو انخلا فراہم کرنا تھا۔خط میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے 23اپریل کو ملنے والی اطلاعات کے بعد امریکی فوجی اہلکاروں کو سوڈان میں سیکورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے جواب میں دارالحکومت خرطوم سے امریکی سفارتی اہلکاروں اور دیگر افراد کے انخلاکے لیے آپریشن کرنے کی ہدایت کی۔