دو تہائی افراد کو تعطیلات میں غیرمتوقع اخراجات نے آمدنی کے بڑے حصہ سے محروم کردیا

June 11, 2023

لندن (پی اے) دو تہائی (66فیصد) افراد محسوس کرتے ہیں کہ ان کی آخری تعطیلات کے دوران غیر متوقع اخراجات نے ان کو اپنی آمدنی کے بڑے حصہ سے محروم کر دیا۔ پوسٹ آفس ٹریول منی سروے کے مطابق تفریح، پرکشش مقامات کی سیر، کھانے، ریسٹورنٹ سروس اور ٹرانسپورٹ لوگوں کی مشکلات کا سبب بنے جبکہ کارڈ کے استعمال بارے بھی شکایات سامنے آئیں۔ اپریل میں یونڈر کی جانب سے برطانیہ بھر سے 2000سے زائد افراد سے ہونے سروے کے مطابق ضروریات زندگی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے دبائو کے باوجود نصف سے زائد (57فیصد) بالغان نے سروے میں بتایا کہ وہ غیر ملک ٹرپس کی پلاننگ کر رہے ہیں ، یہ شرح گزشتہ سال 53 فیصد اور 2021 میں 43 فیصد تھی۔ سروے میں ہر 10 میں سے سات (70فیصد) ہالیڈے میکرزنے بتایا کہ ان کے حالیہ غیر ملکی ٹرپ پر ان کے بجٹ کا بیشتر حصہ خرچ ہوگیا، ان کا کہنا تھا کہ عام اخراجات کے برعکس تقریباً 135 پونڈز زیادہ خرچ ہوئے۔ دس میں سے صرف3 (29فیصد)ا فراد نے بتایا کہ برطانیہ سے روانہ ہوتے وقت انہوں نے اپنی پوری رقم تبدیل کرا لی تھی اور بیرون ملک رہنے کے دوران مزید رقم کی ضرورت سے گریز کیا ۔ پوسٹ آفس پر ٹریول منی کی سربراہ لارہ پلنکیٹ نے کہا کہ ہماری تحقیق سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانوی ہالیڈے میکرز کی اکثریت کو اپنا بجٹ اعتدال میں رکھنے کے لئے جدوجہد کرنی پڑی۔