ٹیکس نیٹ میں شامل افراد پر مزید محصولات بجٹ کی بڑی خامی، رانا توصیف

June 11, 2023

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) سابق پارلیمانی سیکرٹری و صنعتکار رانا زاہد توصیف نے کہا ہے کہ جب تک حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کو مسابقتی نرخوں پر گیس اور بجلی کی فراہمی یقینی بنا کر شرح سود کو خطے کے دیگر ممالک کے مطابق نہیں کرے گی پاکستان کا معاشی بحران حل نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور شرح سود بڑھنے سے پیداواری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ملکی برآمدات تیزی سے کم ہو رہی ہیں۔رانا زاہد توصیف نے بجٹ 24-2023ء پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ پہلے سے ٹیکس نیٹ میں شامل اداروں اور افراد پر ٹیکس مزید بڑھا دیا گیا ہے جبکہ جو لوگ ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں انہیں مزید چھوٹ دیدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصولی طور پر ہر اس شخص اور ادارے کو ٹیکس دینا چاہیے جو کاروبار سے پیسے کما رہا ہے۔ اس کے علاوہ اگر پاکستان میں کہیں بھی بجلی اور گیس چوری ہو رہی ہے تو اس کےبارے میں حکومت نے کوئی لائحہ عمل پیش نہیں کیا ہے کہ اسے روکنا کیسے ہے اور اس سے ریونیو کیسے بڑھانا ہے۔