چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان سے تاجروں کی ملاقات

June 11, 2023

پشاور(جنگ نیوز) چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان سے تاجران پشاور سٹی کے وفد نے ظفر خٹک کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پیپل منڈی کے صدر حاجی رحمان گل ، موبائل مارکیٹ صدر شاہ محمد ، صدر جی ٹی روڈ شاہد بلال ، صدر سکندر پورہ عالمگیر خان ، صدر اکبر خان ، جنرل سیکرٹری میر عالم خان بھی موجود تھے ۔ ملاقات کے دوران تاجروں نے چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان کو ٹریفک سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا اور انہیں تجاویز دیں. جس پر چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان نے انہیں مسائل فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ شہر میں جہاں کہیں بھی ٹریفک سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی جائیگی اس کے فوری خاتمے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے جائیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کیلئے میرے دفتر کے دروازے کھلے ہیں شہریوں کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنا اولین ترجیح ہے۔