اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بحریہ ٹاؤن علی ریاض ملک کی ہدایت پر کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے موٹر سائیکل مالکان غریب‘ متوسط اور نوکری پیشہ افراد کو مفت پٹرول کا تحفہ دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوامی امداد کی یہ مہم ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک کی ہدایت پر بحریہ ٹاؤن کنٹری ہیڈ شاہد محمود قریشی نے اسکے انتظامات کئے ہیں۔ کراچی سمیت لاہور‘ راولپنڈی‘ پشاور اور ملک کے دوسرے شہروں میں بھی مرحلہ وار موٹر سائیکل مالکان غریب‘ متوسط اور نوکری پیشہ افراد کو مفت پٹرول کے کوپن نقدی کی صورت میں دیئے جائیں گے۔ فوری طور پر ایک ہزار روپے کے پٹرول کا کوپن ہر موٹر سائیکل مالک کو پٹرول پمپ کے اوپر دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں کراچی کے پٹرول پمپس پر سینکڑوں موٹر سائیکل مالکان کا ہجوم اکٹھا ہو گیا ہے۔ اس مہم کے تحت بحریہ ٹاؤن اور جے ڈی سی کے تعاون سے مخصوص پٹرول پمپوں پر روزانہ ایک ہزار موٹر سائیکل مالکان کو فی موٹر سائیکل ایک ہزار روپے کا پٹرول مفت دیا جائیگا۔ شاہد محمود قریشی نے کہا کہ مہنگائی روز بروز نئی بلندیوں پر جا رہی ہے اور عوام کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ ایک نوکری پیشہ انسان جس کی ماہانہ تنخواہ پچیس تیس ہزار روپے ہے وہ اس قدر مہنگا پٹرول ڈلوائے گا یا خاندان کا پیٹ پالے گا۔ یہ خیرات نہیں ہے بلکہ بحریہ ٹاؤن کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور سی ای او علی ریاض ملک کی طرف سے عوام کی مدد کی کوشش ہے اور حکومت سے ایک انوکھی نوعیت کا احتجاج ہے۔ انہوں نے کنٹری ہیڈ بحریہ ٹاؤن شاہد محمود قریشی کی طرف سے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سلسلہ پورے سندھ اور دوسرے صوبوں میں عوام کے تعاون سے جاری رکھا جائیگا۔